نیو جرسی (لارڈ میڈیا): فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین کی فتح کے بعد میدان میں کشیدگی نے جنم لے لیا۔ اسپین نے ارجنٹائن کو اضافی وقت میں فیران ٹوریس کے گول سے 1-0 سے شکست دی، مگر میچ کے اختتام پر کھلاڑی آپس میں الجھ پڑے۔ ارجنٹائن کے لیاندرو پاریڈیس اور اسپین کے ایرک گارشیا کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہاتھا پائی میں بدل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پاریڈیس نے گارشیا کو دھکا دیا جس کے بعد اسپینش کھلاڑی زمین پر گر گئے۔ اس منظر کے بعد دونوں ٹیموں کے کھلاڑی اور اسٹاف میدان میں آگئے، جس سے کچھ دیر کے لئے ہنگامہ آرائی ہوئی۔ بعد ازاں آفیشلز اور دونوں ٹیموں کے ارکان نے مداخلت کر کے صورتحال پر قابو پایا۔
میچ کے دوران بھی ماحول کشیدہ رہا، ارجنٹائن کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کو ریڈ کارڈ دکھایا گیا جس کے باعث ان کی ٹیم آخری لمحات میں دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے پر مجبور ہوگئی۔ مزید برآں، ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کو متعدد یلو کارڈز بھی ملے۔
ہنگامے کے باوجود اسپین کے کھلاڑیوں نے میسی سے مصافحہ کیا اور حوصلہ بڑھایا جبکہ دونوں ٹیموں کے کوچز نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر کھیل کے اعلیٰ جذبے کا مظاہرہ کیا۔ ارجنٹائن کے کوچ لیونل اسکالونی نے شکست کو قبول کرتے ہوئے کہا کہ فتح میں عاجزی اور شکست میں وقار ہونا چاہیے۔


