گڈانی (لارڈ میڈیا): پاکستان کے گڈانی شپ یارڈ پر 8 سال بعد شپ ری سائیکلنگ کا عمل دوبارہ شروع ہو گیا ہے، جہاں 7 جہاز ری سائیکلنگ کے لئے لنگرانداز ہو چکے ہیں۔ میری ٹائم ٹاسک فورس، این ایل سی اور دیگر اداروں کی کوششوں سے یہ عمل ممکن ہوا۔
شپ ری سائیکلنگ صنعت کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لئے اصلاحات جاری ہیں، جبکہ وفاقی حکومت نے اسے باضابطہ صنعتی درجہ دے دیا ہے۔ گڈانی کے 16 میں سے 9 شپ ری سائیکلنگ یارڈز ہانگ کانگ کنونشن کے مطابق اپ گریڈ کیے جا چکے ہیں اور دیگر 7 معائنے کے مرحلے میں ہیں۔
حکومت گڈانی میں جدید ٹریٹمنٹ، اسٹوریج اور ڈسپوزل سہولت بھی قائم کرے گی تاکہ ساحلی ماحول اور سمندری حیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔
ہر ری سائیکل ہونے والا جہاز قومی معیشت میں تقریباً 2 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر کا اضافہ کرے گا اور مکمل فعال ہونے پر گڈانی ملک کی اسٹیل اسکریپ کی 30 فیصد ضرورت پوری کرے گا۔
شپ ری سائیکلنگ صنعت کی بحالی پاکستان کی سمندری معیشت اور صنعتی ترقی کے لئے ایک خوش آئند پیش رفت ہے۔


