کیف (لارڈ میڈیا): روس کی جانب سے یوکرین کے دارالحکومت کیف پر میزائل حملے میں 24 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔ یوکرینی حکام نے بتایا کہ پیر کے روز کیف کی رہائشی عمارتوں پر میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے حملہ کیا گیا، جس سے 24 افراد جاں بحق ہوئے۔ یہ حملہ اہم نیٹو سمٹ سے ایک دن قبل پیش آیا۔
صبح کے وقت ہونے والے اس حملے میں کیف کے پوڈلسکی ضلع میں ایک کثیر منزلہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں عمارت کی کئی منزلیں بٹ گئیں۔ بیلسٹک میزائل الرٹ کے دوران 10 سے زائد دھماکے بھی رپورٹ ہوئے۔
یوکرینی صدر ولودومیر زیلنسکی نے اس حملے کو ‘بہیمانہ’ قرار دیتے ہوئے نیٹو ممالک سے اپیل کی ہے کہ وہ روسی بیلسٹک میزائلوں کے خلاف یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط کریں۔ زیلنسکی نے کہا کہ کیف نے ڈرونز اور کروز میزائل مار گرائے، مگر بیلسٹک میزائلوں کے خلاف مؤثر دفاعی وسائل ناکافی ہیں۔
نیٹو کے سربراہ مارک روٹے نے انقرہ میں کہا کہ نیٹو اتحادیوں اور شراکت داروں کو یوکرین کو ضروری وسائل فراہم کرنے ہوں گے۔ یوکرین نے اتحادیوں سے امریکی پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام کے لیے میزائل فراہم کرنے کی بھی اپیل کی ہے۔ نیٹو ممالک کا اجلاس 7 سے 8 جولائی کو انقرہ میں ہو رہا ہے۔


