اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنائے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستانی قوم کی بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے سپاہیوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے جامِ شہادت نوش کرنے والے رینجرز کے تین جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی سکیورٹی فورسز کی تعریف کی اور کہا کہ انہوں نے دہشت گردوں کو ہلاک کرکے ان کے عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے شہداء کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے اہل خانہ کے لیے دعائیں کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔


