واشنگٹن (لارڈ میڈیا): قطر کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو تحفے میں دیا گیا نیا ایئر فورس ون طیارہ امریکی فضائیہ کے بیڑے میں شامل کر لیا گیا۔ اس بڑے مسافر بردار طیارے میں جدید سیکیورٹی سسٹم، بہتر مواصلاتی نظام اور لاجسٹک سپورٹ شامل ہیں۔ امریکی فضائیہ نے تمام ممکنہ سیکیورٹی خدشات کو ختم کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
طیارے کے بیرونی حصے کو سرخ، سفید، نیلے اور سنہری رنگوں کی پینٹنگ سے مزین کیا گیا ہے جبکہ ٹرمپ نے تقریب سے خطاب میں اس طیارے کو جدید عیش و عشرت کی مثال قرار دیا۔ انہوں نے قطر کے امیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے اعزاز قرار دیا۔
یہ طیارہ مئی 2025 میں قطری شاہی خاندان نے تحفے میں دیا تھا، جس پر امریکی سیاسی حلقوں سے شدید ردعمل سامنے آیا۔ ناقدین نے اسے مفادات کے ٹکراؤ کا مسئلہ قرار دیا جبکہ وائٹ ہاؤس نے مؤقف اختیار کیا کہ طیارہ قانونی طور پر قبول کیا گیا ہے۔
امریکی قانون کے تحت سرکاری حکام 480 ڈالر تک کے تحائف قبول کر سکتے ہیں، تاہم طیارے کو ٹرمپ کے دورِ صدارت کے بعد ان کی صدارتی لائبریری کو منتقل کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ طیارہ وقتی طور پر صدر کے استعمال میں رہے گا جب تک نئے VC-25B طیارے مکمل نہیں ہو جاتے، جو کہ کئی برسوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔ پرانے ایئر فورس ون بیڑے کے ایک بوئنگ 747-200B طیارے کو مرحلہ وار سروس سے نکال دیا گیا ہے۔


