اسلام آباد (لارڈ میڈیا): پاکستان سمیت آٹھ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی آبادکاروں کے مسلسل تشدد کی مذمت کی ہے۔ پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور امارات کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں پر حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ رام اللہ کے جلجیلیا کی جامع مسجد اور مزارع النوبانی کی الفاروق مسجد پر حملے کیے گئے، جو عبادت گاہوں کے تقدس کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ یہ حملے بین الاقوامی قانون، انسانی حقوق اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق یہ اقدامات عدم استحکام، تشدد اور انتہا پسندی کو ہوا دیتے ہیں اور امن کے قیام کی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ وزرائے خارجہ نے حملوں کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کرتے ہوئے بین الاقوامی برادری سے اپنے قانونی اور اخلاقی فرائض ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
اعلامیہ میں فلسطینی عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور ان کے قومی حقوق کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا ہے۔


