لاہور (لارڈ میڈیا): عالمی برادری نے ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی ثالثی پر تعریف کی ہے۔ برطانوی وزیراعظم نے اسے خطے میں امن کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے اور ثالثی میں پاکستان، قطر اور دیگر ممالک کے کردار کو سراہا ہے۔
چین نے معاہدے کے پہلے مرحلے کی مفاہمتی یادداشت پر اتفاق رائے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کے ثالثی کردار کی تعریف کی ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
قطر کے وزیراعظم نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا کہ قطر اس معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے اور ان تمام فریقوں کا شکریہ ادا کرتا ہے جنہوں نے سازگار حالات پیدا کیے۔
ایرانی سفارتخانے نے پاکستانی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کو معاہدے کے لئے پاکستان سے رجوع کرنا پڑا، جسے تاریخی ستم ظریفی قرار دیا جا سکتا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے تفصیلی مذاکرات کے لئے 60 دن کے اندر عمل شروع کرنے کی امید ظاہر کی ہے۔ ترکیہ کے صدر نے بھی امید ظاہر کی ہے کہ یہ پیش رفت خطے میں دیرپا امن کی راہ ہموار کرے گی۔


