احمد آباد (لارڈ میڈیا): آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2027 کی عارضی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ یہ ٹورنامنٹ تقریباً پچیس برس بعد افریقی سرزمین پر منعقد ہوگا، جس کی میزبانی جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا مشترکہ طور پر کریں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ورلڈ کپ 2027 کا انعقاد 4 اکتوبر سے 21 نومبر تک متوقع ہے۔ ان تاریخوں کی منظوری حال ہی میں آئی سی سی کے بورڈ اجلاس میں دی گئی جبکہ حتمی توثیق اگلے ماہ ایڈنبرا میں ہونے والی سالانہ جنرل میٹنگ میں ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق جنوبی افریقا ٹورنامنٹ کے زیادہ تر میچز کی میزبانی کرے گا اور 54 میں سے کم از کم 41 مقابلے ملک کے آٹھ مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔ زمبابوے کو 8 سے 10 میچز جبکہ نمیبیا کو 3 میچز کی میزبانی ملنے کی توقع ہے۔
یہ 2003 کے بعد افریقا میں ہونے والا پہلا ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔ 2003 کا ایونٹ بھی جنوبی افریقا، زمبابوے اور کینیا نے مشترکہ طور پر منعقد کیا تھا۔
ورلڈ کپ 2027 میں 14 ٹیموں کے فارمیٹ کی واپسی ہوگی۔ گزشتہ دو ایڈیشنز میں صرف 10 ٹیمیں شریک تھیں۔ اب ٹیموں کو سات، سات کے دو گروپس میں تقسیم کیا جائے گا۔ ہر گروپ کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کریں گی۔
آئی سی سی کے مکمل رکن ممالک ہونے کے باعث جنوبی افریقا اور زمبابوے کی براہِ راست شرکت متوقع ہے جبکہ نمیبیا کو ایونٹ میں جگہ بنانے کے لیے کوالیفائنگ مرحلہ عبور کرنا ہوگا۔


