بیجنگ (شِنہوا) چین نے جمہوریہ کوریا (آر او کے) پر زور دیا ہے کہ وہ ایک چین کے اصول کی دیانتداری سے پاسداری کرے اور چین کے تائیوان خطے کے ساتھ کسی بھی قسم کے سرکاری روابط قائم نہ کرے۔
یہ بات چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لین جیان نے منگل کے روز اس سوال کے جواب میں کہی جو جمہوریہ کوریا (آر او کے) کے مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی وفد کے حالیہ دورہ تائیوان سے متعلق تھا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے اس معاملے پر جمہوریہ کوریا سے باضابطہ احتجاج کیا ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ چین نے ہمیشہ ان ممالک کی، جن کے ساتھ اس کے سفارتی تعلقات ہیں، تائیوان کے ساتھ کسی بھی قسم کے سرکاری تبادلوں کی سختی سے مخالفت کی ہے۔
لین نے کہا کہ رواں سال کے آغاز سے جمہوریہ کوریا نے متعدد بار عوامی طور پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ وہ ایک چین کے اصول کے احترام کے موقف پر قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین جمہوریہ کوریا پر زور دیتا ہے کہ وہ مجموعی چین-جمہوریہ کوریا تعلقات کے تناظر میں اپنے وعدوں پر عمل کرے، ایک چین کے اصول کی پابندی کرے، تائیوان کے ساتھ کسی بھی سرکاری رابطے سے گریز کرے اور ”تائیوان کی آزادی“ کے علیحدگی پسندوں کو غلط اشارے دینے سے بچے تاکہ دونوں ممالک کے تعلقات کی مثبت اور مستحکم ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔


