نیو یارک (لارڈ میڈیا): یونائیٹڈ ائیر لائنز کی پرواز یو اے 236 کو اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی جب پتا چلا کہ ایک مسافر کی بلوٹوتھ ڈیوائس کا نام ‘بم’ ہے۔ یہ واقعہ 30 مئی کو پیش آیا جب پرواز نے نیوارک جولبرٹی انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے شام 6 بجے اسپین کے جزیرے پالما ڈی میلورکا کے لئے ٹیک آف کیا۔
پرواز کے پونے 2 گھنٹے بعد، جب طیارہ بحر اوقیانوس کے اوپر تھا، ایک مسافر کی بلوٹوتھ ڈیوائس ‘بم’ کے نام سے ظاہر ہوئی۔ اس کے نتیجے میں کیبن میں تشویش پیدا ہو گئی اور پائلٹ نے حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو واپس موڑنے کا فیصلہ کیا۔
پرواز نے روانگی کے پونے 4 گھنٹے بعد نیوارک ائیرپورٹ پر دوبارہ لینڈنگ کی۔ سکیورٹی کلیئرنس کے بعد پرواز دوبارہ روانہ ہوئی۔
ائیر لائن نے کہا ہے کہ تمام حفاظتی اقدامات کو پورا کرنے کے بعد ہی پرواز کو دوبارہ روانہ کیا گیا۔


