ہیفے (شِنہوا) شِنہوا نیوز ایجنسی کے تھنک ٹینک، شِنہوا انسٹی ٹیوٹ نے چین کے مشرقی صوبے آنہوئی کے شہر ہوائی نان میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران ’’نئے دور میں دریائے ہوائی حہ کے طاس میں ماحولیاتی تہذیب کے فروغ‘‘ پر ایک رپورٹ جاری کی ہے۔
دریائے ہوائی حہ چین کے 7 بڑے دریاؤں میں سے ایک ہے۔ اس کا طاس ملک کی معاشی اور سماجی ترقی، ماحولیاتی اور غذائی تحفظ میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے تاہم ماضی میں سیلاب اور پانی کی آلودگی اس دریا کے کنارے علاقوں کی ترقی میں رکاوٹ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 2012 سے مربوط کوششوں کے ذریعے دریائے ہوائی حہ کے انتظامی نظام کو بہتر بنایا گیا ہے۔ اس کام میں خاص طور پر سیلاب کی روک تھام، پانی کے تحفظ، آبی ایکو سسٹم کی بحالی اور پانی کے ماحول کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی گئی ہے۔ ان مشترکہ اقدامات نے دریا کے انتظام، آلودگی اور غربت کے خاتمے میں تاریخی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے ہوائی حہ کا خطہ اب روایتی طاس گورننس سے نکل کر وسیع تر علاقائی بحالی اور ترقی کی جانب گامزن ہے۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں دریا کے ساتھ واقع علاقوں نے آبی تحفظ کی آخری حد کا مضبوطی سے دفاع کیا ہے، پانی کے وسائل کے بے جا استعمال پر پابندیاں سخت کی ہیں، آبی ایکو سسٹم کو مستحکم کیا ہے اور پانی کے انتظام میں جدت پیدا کی ہے جس نے اعلیٰ معیار کی ترقی کے لئے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کی ہے۔


