بیجنگ (شِنہوا) چین میں رواں سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران ریلوے کے ذریعے سفری دوروں میں مستقل اضافہ دیکھا گیا ہے جس میں مسافروں کی تعداد اور سروس کے معیار دونوں میں بہتری آئی ہے۔
چائنہ ریلوے نے بتایا کہ جنوری سے اپریل کے عرصے کے دوران ملک بھر میں ریلوے کے ذریعے مجموعی طور پر 1.56 ارب سفری دورے ریکارڈ کئے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 6.8 فیصد زیادہ ہیں۔
اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں میں چین کی سیر و سیاحت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور 2026 کے پہلے 4 ماہ میں ملک کے ریلوے نیٹ ورک پر 78 لاکھ 30 ہزار غیر ملکی مسافروں کے دورے ریکارڈ کئے گئے جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 33.9 فیصد اضافہ ہے۔
ریلوے آپریٹر کا کہنا ہے کہ ملک کی وسیع تر ویزا فری پالیسیوں کی وجہ سے غیر ملکی مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لئے کثیر السانی خدمات کو بڑھایا گیا ہے اور دیگر سفری سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
چین نے حالیہ برسوں میں غیر ملکی مسافروں کے لئے ویزا فری پالیسیوں کا دائرہ کار وسیع کیا ہے جس سے انہیں طویل قیام اور وسیع تر سفر کی سہولت ملی ہے، جبکہ سیاحوں کے لئے روانگی کے وقت ٹیکس کی فوری واپسی جیسی سہولیات بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔


