وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے چینی مارکیٹ کیساتھ منسلک ہونے کیلئے چینی زبان میں مہارت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی زبان سیکھنے سے چین کی ثقافت کو سمجھنے، عوام سے بہتر تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
عالمی یومِ چینی زبان کے موقع پر جاری بیان میں مریم نواز نے چینی عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تقریبا سوا ارب افراد چینی زبان بولتے ہیں، یہ زبان عالمی منظر نامے میں غیر معمولی اہمیت اختیار کر چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چینی زبان اقوامِ متحدہ کی 6 سرکاری زبانوں میں شامل ہے جبکہ چین کی سیاسی، سفارتی اور معاشی اہمیت دنیا بھر میں تسلیم شدہ ہے۔
انہوں نے چین کی بے مثال ترقی کو دنیا کیلئے روشن مثال قرار دیتے ہوئے امن، استحکام اور عالمی ترقی میں چین کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ چین کی مارکیٹ کیساتھ منسلک ہونے کیلئے چینی زبان میں مہارت ضروری ہے، زبان سیکھنے سے چینی ثقافت کو سمجھنے کیساتھ عوام سے بہتر تعلقات کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی پر مامور پنجاب پولیس کے اہلکاروں کو چینی زبان کی تربیت دی جا رہی ہے تاکہ باہمی رابطہ مزید موثر بنایا جا سکے۔


