جماعت اسلامی کا دبئی پراپرٹی لیکس پر سپریم کورٹ کو نوٹس لینے کا مطالبہ

لاہور : امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے دبئی پراپرٹی لیکس پر سپریم کورٹ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم پائی پائی کے محتاج ہیں، لوگ ساڑھے 3 ہزار ارب روپے لے کر دبئی چلے گئے، معاملہ الیکشن کمیشن بھی دیکھے ، آئی ایم ایف پیکیجز سے پاکستان برباد ہوچکا ہے، نیٹ میٹرنگ کے خاتمے سے لوگوں کی سرمایہ کاری پر تلوار لٹک رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ دبئی پراپرٹی لیکس پر سپریم کورٹ کو نوٹس لینا چاہئے، معاملے پر الیکشن کمیشن سامنے آئے وہ بھی دیکھے دبئی لیکس میں آنے والوں نے اثاثے کیوں نہیں ظاہر کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت پائی پائی کے محتاج ہیں، لوگ ساڑھے 3ہزار ارب روپے لے کر دبئی چلے گئے، دبئی لیکس والے معاملے پر منی ٹریل سامنے آنا چاہئے، ایک مخصوص طبقہ پاکستان کی دولت کو باہر لے کر جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں بجٹ کی تیاری جاری ہے، حکمران سارا کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنا ضروری سمجھتے ہیں، پاکستان کو آئی ایم ایف نے اب تک 23بیل آؤٹ پیکیجز دیئے ہیں، ان پیکیجز سے پاکستان تباہ و برباد ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف امریکہ کا زیر اثر ادارہ ہے، سامراجی طاقتیں اپنے احکاما ت منواتی ہیں، اب آئی ایم ایف کے لوگ براہ راست ہمارے اداروں سے رابطہ کر رہے ہیں، آئی ایم ایف نے نیپرا کو بجلی کے ٹیرف بڑھانے کا کہا ہے، آئی پی پیز معاہدے پوری قوم کیلئے تباہ کن ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں نے حالات سے مایوس ہو کر سولر پینل لینا شروع کئے تھے، اب کہا جا رہا ہے نیٹ میٹرنگ بھی ختم کر دی جائے گی، اب لوگوں کی سرمایہ کاری پر بھی تلوار لٹک رہی ہے۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts