پاکستان میں انتخابی عمل کو مضبوط بنانے کیلئے عالمی اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے،عطاء تارڑ

اسلام آباد : وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان میں انتخابی عمل کو مضبوط بنانے کیلئے عالمی اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے، سوشل میڈیا کے عروج نے سیاسی مصروفیات کو نئی شکل دی ہے، موجودہ دور میں ڈیجیٹل پر مبنی حکمت عملیوں کی راہ ہموار ہونے کیساتھ فیک نیوز، مس انفارمیشن و ڈس انفارمیشن کے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ سے بدھ کو اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں الیکشن کمیشن کو یو این ڈی پی الیکشن سپورٹ پروگرام کے ذریعے تکنیکی معاونت کی فراہمی، فیک نیوز، مس انفارمیشن، ڈس انفارمیشن سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وفد میں پولیٹیکل افیئرز افسران ہیسام منکارا، ادتیہ ادھیکاری، یو این ڈی پی ریجنل ایڈوائزر ناجیاہاشیمی، چیف ٹیکنیکل ایڈوائزر یو این ڈی پی میری کیومنز، پروگرام ایڈوائزر یو این ڈی پی محمد قاسم جنجوعہ شامل تھے۔
وزیر اطلاعات نے اقوام متحدہ کے جائزہ مشن کی جانب سے پاکستان میں انتخابات کی شفافیت کیلئے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انتخابی عمل کو مضبوط بنانے کیلئے عالمی اداروں کا تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں پاکستان میں انتخابی مہمات میں تبدیلی آئی ہے، سوشل میڈیا کے عروج نے سیاسی مصروفیات کو نئی شکل دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں ڈیجیٹل پر مبنی حکمت عملیوں کی راہ ہموار ہو رہی ہے وہاں فیک نیوز، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کے چیلنجز بھی درپیش ہیں اور یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق ڈیجیٹل محاذ پر کام کر رہا ہے۔
انہوں نے اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن کو اپنے حلقہ انتخاب سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ انتخابی عمل میں ووٹرز کو آگاہی فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے، میرے حلقہ انتخاب میں مسیحی برادری کے 70ہزار سے زائدلوگ شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اپنے حلقہ انتخاب میں ہر شخص کو متحرک کیا اور انہیں ہر شعبے بارے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر اقوام متحدہ کے انتخابی ضروریات کے جائزہ مشن نے حکومت پاکستان کے انتخابی عمل کی ساکھ کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کو سراہا۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts