صوبے کی ترقی ،بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں،علی امین گنڈاپور

پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبے کی ترقی ،بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، عوام کو ہیلتھ کارڈ فراہم کردیئے جو ملک بھر کے لسٹڈ ہسپتالوں میں استعمال کیا جاسکتے ہیں، صوبہ مالیاتی مشکلات سے دوچار ہے، ہم خودار قوم مگر بدقسمتی سے امدادوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے، امن وامان کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہوگی۔تفصیلات کے مطابق پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم صوبے کی ترقی اور بیروزگاری کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں، عوام کو صحت کے شعبے میں سہولت کیلئے ہیلتھ کارڈ فراہم کردیئے ہیں، امید ہے صحت کی سہولیات ہمارے دور حکومت میں مزید بہتر ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس طریقے سے فنانشل سائیکل حکومت سے حکومت کے درمیان ہی چلے گی، صحت کارڈ کی رقم 10سے بڑھا کر 20لاکھ کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ یہ سہولت صرف خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں ہی میسر نہیں بلکہ پورے پاکستان میں ہیلتھ کارڈ میں لسٹڈ ہسپتالوں میں اس سہولت کو استعمال کیا جاتا ہے۔انہوںنے کہا کہ ہم بہت سی چیزوں کی توقعات کر رہے ہیں، ابھی پاکستان اور ہمارا صوبہ مالیاتی مشکلات سے دوچار ہے، میں امداد کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہتا کیونکہ ہم خودار قوم ہیں ،یہ لفظ ہمیں نہیں جچتا،مگر بدقسمتی سے ہمیں ان امدادوں پر انحصار کرنا پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال ہمارے لئے چیلنج ہے، ہمارے لوگوں اور افواج نے قیام امن کیلئے بہت قربانیاں دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا ہوگی۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts