اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ ،پنجاب کابینہ نے عمران خان کیخلاف کارروائی کی منظوری دے دی

لاہور : پنجاب کابینہ نے ریاستی اداروں کیخلاف نفرت انگیز بیانیہ بنانے کے الزام میں بانی پی ٹی آئی ودیگر کیخلاف کارروائی کی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز کی صدارت پنجاب کابینہ کاآٹھواں اجلاس ہوا ہے ،کابینہ نے مہنگائی کنٹرول کرنے پر مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ چاول کی قیمت سو روپے فی کلو قیمت کم ہوئی ہے، گیس سلنڈر 35 سو روپے سے 25 سو روپے پر آگیا، آٹا، گھی، ٹرانسپورٹ سب سستے ہوئے ہیں، ٹیکس فری آئی ٹی زون کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں 12رکنی کابینہ اسٹینڈ نگ کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو،سکلڈ ڈویلپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی خان کی تعیناتی، بورڈ آف راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں 2تکنیکی ماہرین، طاہر مسعود اور شیر محمد محمود کی نامزدگی کی ،کمیٹی برائے یونیورسل ہیلتھ انشورنس کی تشکیل نو کی منظوری دی گئی ہے.
انہوں نے بتایا کہ پنجاب فارنزک سائنس ایجنسی کے ڈی جی کے لیے ڈاکٹر امجد اور ایگری کلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کے ڈی جی کے لیے ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کی تعیناتی کی منظوری دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مسلسل اداروں کے خلاف نفرت انگیز بیانیہ بنا کر شیخ مجیب الرحمن بننے کی کوشش کررہے ہیں، ان سے مل کر باہر آنے والے بھی اسی بیانیہ کا پرچار کرتے ہیں جس پر کابینہ نے ان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے اگر ہم سے کوئی نہیں ہوگا تو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہوم ڈیپارٹمنٹ اس ضمن میں جلد اقدامات کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اڈیالہ جیل سے زہریلی مہم چلائی جارہی ہے جسے پروپیگنڈے کے تحت پورے ملک میں پھیلایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی فضول الزام لگاتے ہیں کہ انھیں زہر دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ اڈیالہ جیل میں ان سے ملنے کون جارہا ہے، مسئلہ یہ ہے کہ وہاں سے باہر کیا آرہا ہے، اگر کوئی جماعت دہشت گردی ونگ کے طور پر اشتعال انگیزی پھیلانے میں ملوث ہوئی تو اسے قانون کے مطابق دیکھا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب نے ہتک عزت بل پڑھے بغیر واپس بھیجنے کااعلان کردیا ہے ۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts