موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو شدید اقتصادی خطرات لاحق ، پائیدار اقدامات اٹھا رہے ہیں، شہباز شریف

موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو شدید اقتصادی خطرات لاحق ، پائیدار اقدامات اٹھا رہے ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے پاکستان کو شدید اقتصادی خطرات لاحق ہیں،قابو پانے کیلئے فیصلہ کن اور پائیدار اقدامات اٹھا رہے ہیں،پلاسٹک ہماری خوارک میں شامل ہوکر براہ راست انسانی صحت کیلئے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے، پلاسٹک کے ذمہ دارانہ استعمال کا عزم کرنا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق یومِ ارض 2024ء کے موقع پر اپنے پیغام میںوزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ یوم ارض منانے کا بنیادی مقصد ہم سب کو کرہ ارض کی حفاظت کی ذمہ داری کی یاد دہانی کروانا اور آئندہ نسلوں کیلئے اس سیارے کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 2024ء کا یومِ ارض ”سیارہ بمقابلہ پلاسٹک ”کے موضوع سے منایا جارہا ہے جس کا مقصد 2040تک پلاسٹک کے استعمال میں 60 فیصد تک کمی لانا ہے،ہمیں پلاسٹک کے ذمہ دارانہ استعمال کا عزم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا بے دریغ استعمال نہ صرف ہماری ندیوں، دریاں اور سمندروں کو آلودہ کر رہا ہے بلکہ یہ ہماری خوارک میں شامل ہوکر براہ راست انسانی صحت کیلئے بڑا خطرہ بنتا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے، تاہم موسمیاتی تبدیلی کے ہماری ملکی ترقی و خوشحالی پر مضر اثرات اور عام آدمی کی معاشی سلامتی کیلئے خطرات کے حوالے سے آگاہی کا فقدان ہے،ہر گزرتے برس موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان کو شدید خطرات بالخصوص اقتصادی خطرات لاحق ہیں،اسی کو ملحوظِ خاطر رکھ کرہم ان خطرات پر قابو پانے کیلئے فیصلہ کن اور پائیدار اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سنگل یوز پلاسٹک ریگیولیشنز 2023بنائے ہیں اور تمام وفاقی وزارتوں میں پلاسٹک کی بنی بوتلوں (پی ای ٹی )کے استعمال پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلاسٹک سے پاک معاشرے اور پاکستان میں پلاسٹک سے پیدا ہونیوالی آلودگی کو کم کرنے کیلئے اس کے استعمال کی مجموعی سطح پر حوصلہ شکنی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی اور مقامی حکومتوں کا سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو روکنے میں کردار بھی انتہائی کلیدی ہے، میں تمام سٹیک ہولڈرز سے اپیل کروںگا کہ وہ ہمارے ملک اور کرہ ارض کے تحفظ کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ میری اپنے تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے کہ وہ اس اہم مشن میں حکومت کا ساتھ دیں،آئیں ہم سب مل کر سنگل یوز پلاسٹک کے استعمال کو ترک کرنے، ماحول دوست متبادل کے استعمال، ری سائیکلنگ اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے معاشرے میں مربوط پالیسیوں کے اطلاق میں اپنا کردارادا کریں۔

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.

    View all posts