دہی کھائیے، صحت مند رہیں، ہڈیاں مضبوط بنائیے

ایک تحقیقی مطالعے سے معلوم ہوا ہے کہ دہی کا استعمال بڑی عمر کے افراد میں بھی ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے جب کہ بزرگ خواتین کو اس سے زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔
یہ تحقیق آئرلینڈ کے کئی طبی اداروں میں اشتراک سے کی گئی جس میں 40 سال سے زائد عمر کے 5 ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔ مطالعے میں شریک رضاکاروں کی ہڈیوں میں معدنیات کی کثافت (بی ایم ڈی) کے علاوہ ان کے کولہوں اور ٹانگوں کی ہڈیوں میں مضبوطی کا جائزہ لیا گیا تھا۔
جب ان افراد پر دیگر روزمرہ جسمانی معمولات اور غذا کے اثرات نفی کیے گئے تو معلوم ہوا کہ وہ لوگ جنہوں نے طویل عرصے تک 200 گرام دہی، ہفتے میں 2 سے 3 مرتبہ استعمال کی تھی ان میں کولہوں اور ٹانگوں کی ہڈیاں دیگر افراد کے مقابلے میں زیادہ مضبوط تھیں جب کہ ان میں مفید معدنیات کی مقدار بھی زیادہ دیکھی گئی۔ جب خواتین کی عمر 40 سال سے زیادہ ہوتی ہے تو ان کی ہڈیاں بھی کمزور ہونے لگتی ہیں اور وہ ہڈیوں میں بھربھرے پن (اوسٹیوپوروسس) اور معدنیات کی کمی (اوسٹیوپینیا) کا شکار ہونے لگتی ہیں۔
ریسرچ جرنل ’’اوسٹیو پوروسس انٹرنیشنل‘‘ میں شائع شدہ رپورٹ سے پتا چلتا ہے کہ ہفتے میں پابندی سے 3 مرتبہ (ہر بار 200 گرام) دہی استعمال کرنے والی عمر رسیدہ خواتین میں اوسٹیوپوروسس کی شرح 31 فیصد کم جب کہ اوسٹیوپینیا کی شرح 39 فیصد کم رہ گئی تھی۔ بوڑھے مردوں کو بھی دہی کے باقاعدہ استعمال سے بہت فائدہ پہنچا اور ان میں بھی ہڈیوں کے بھربھرے پن کی شرح 52 فیصد تک کم ہوگئی۔
…Article No. H/14

Author

  • China Urdu

    Daily China Urdu and chinaurdu.com are trusted media brands emerging in Pakistan and beyond with primary goals of providing information and knowledge free from propaganda and lies.