لندن (لارڈ میڈیا): دنیا کے کئی ممالک میں مکمل اور جزوی سورج گرہن کا شاندار نظارہ کیا گیا جب دن کے وقت اندھیرا چھا گیا۔ لاکھوں افراد نے کھلے مقامات پر جمع ہو کر گرہن کا خوبصورت منظر دیکھا۔
سورج گرہن پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 34 منٹ پر شروع ہوا۔ یورپ میں گرین لینڈ، آئس لینڈ، اسپین اور روس میں مکمل سورج گرہن دیکھا گیا، جو 1999 کے بعد پہلی بار یورپ میں ہوا۔
فرانس، برطانیہ اور دیگر یورپی ممالک میں سورج کو جزوی گرہن لگا جس کے باعث دن میں ہی غروب آفتاب جیسا منظر پیدا ہو گیا۔
رائل آبزرویٹری لندن میں جزوی سورج گرہن دیکھنے کے لیے سیکڑوں لوگ جمع ہو گئے۔ لوگ کھانے پینے کا سامان لے کر گرینچ پارک میں پکنک منانے کے موڈ میں پہنچے۔
اس کے علاوہ افریقا، کینیڈا اور امریکا کے کچھ حصوں میں بھی جزوی سورج گرہن دیکھا گیا۔


