کیف (لارڈ میڈیا) یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس کے بیلسٹک میزائل حملوں کو روکنے کے لیے ان کے ملک کو امریکا سے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی شدید ضرورت ہے۔ انہوں نے امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو میں بتایا کہ یوکرین کو امریکا کے موجودہ ذخیرے میں سے صرف 10 فیصد میزائل درکار ہیں تاکہ روس کے تمام میزائل حملے روکے جا سکیں۔
زیلنسکی نے کہا کہ روس نے حالیہ ہفتوں میں یوکرین پر میزائل حملے تیز کر دیے ہیں، خاص طور پر دارالحکومت کیف متاثر ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیٹریاٹ میزائلوں کی کمی کے باعث روس یوکرین کے دفاعی نظام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
زیلنسکی نے انکشاف کیا کہ رواں برس ان کے پاس 2025 کے مقابلے میں ڈھائی گنا کم پیٹریاٹ میزائل ہیں، جبکہ روس کے پاس دوگنا زیادہ میزائل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یوکرین کے شہریوں کے لیے جولائی 2022 کے بعد سب سے زیادہ ہلاکت خیز مہینہ ثابت ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا کے موجودہ ذخیرے کا 5 فیصد بھی مل جائے تو یوکرین موسم سرما گزار سکتا ہے اور شہریوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ میزائل شکن میزائلوں کی عالمی سطح پر کمی ہے، جس کا اثر یوکرین پر پڑ رہا ہے۔ زیلنسکی نے کہا کہ میزائلوں کے حصول کی کوشش ان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکی ہے۔


