ہومتازہ ترینچین میں دریا سے سمندر تک جانے والی نہر کے افتتاح سے...

چین میں دریا سے سمندر تک جانے والی نہر کے افتتاح سے قبل بحری جہازوں کی آزمائشی آمدورفت کا آغاز

نان ننگ (شِنہوا) چین کی پھنگ لو نہر میں بدھ کے روز بحری جہازوں کی آزمائشی آمدورفت شروع کر دی گئی جو ستمبر میں اس اہم آبی گزرگاہ کے متوقع افتتاح کی جانب ایک اہم پیشرفت ہے۔

آزمائشی مرحلے کا آغاز اس وقت ہوا جب 5 ہزار ٹن وزنی خالی مال بردار جہاز جنوبی چین کے گوانگ شی ژوانگ خودمختار علاقے میں کینال کے شن فو سروس ایریا سے روانہ ہوا۔

آزمائشی عمل میں کینال پر چلنے والے متوقع مختلف اقسام کے چار بحری جہاز حصہ لیں گے جن میں 5 ہزار ٹن کے بھرے اور خالی جہاز جبکہ 3 ہزار اور ایک ہزار ٹن کے بھرے جہاز شامل ہیں۔

آزمائش کے دوران معمول کے ساتھ ساتھ مشکل موسمی اور ناموافق حالات میں جہاز رانی کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ کینال کے آبی راستوں، لاکس، لنگر انداز ہونے کے مقامات، سروس ایریاز اور نیوی گیشن کی سہولیات کی کارروائیوں کے لئے تیاری کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

بحری جہاز نہر کے اہم حصوں سے گزریں گے اور لاکس سے گزرنے، دوسرے جہازوں کے آمنے سامنے آنے، اوورٹیک کرنے، موڑ کاٹنے، پانی کے اتار چڑھاؤ کے دوران لنگر انداز ہونے اور رات کے وقت سفر سمیت مختلف آزمائشیں کریں گے۔

ممکنہ خطرناک حالات میں بھی اضافی تجربات کئے جائیں گے جن میں آبی ذخائر سے پانی کا اخراج، معاون دریاؤں میں سیلاب اور تیز ہواؤں کے ساتھ پانی کے اتار چڑھاؤ کی صورتحال شامل ہے۔

آزمائشی بحری جہازوں میں بیدو سیٹلائٹ پوزیشننگ سسٹم، ڈرونز اور سینسرز نصب کئے گئے ہیں جن کے ذریعے جہازوں کے راستوں، نقل و حرکت، پانی کے بہاؤ اور جہازوں کے درمیان محفوظ فاصلے سے متعلق ڈیٹا جمع کیا جائے گا۔

134.2 کلومیٹر طویل پھنگ لو نہر 5 ہزار ٹن تک کے بحری جہازوں کی آمدورفت کے لئے بنائی گئی ہے۔ یہ 1949 کے بعد چین میں قومی سطح پر منصوبہ بندی اور رابطہ کاری کے تحت تعمیر کیا جانے والا پہلا بڑا دریا سے سمندر تک نہری منصوبہ ہے۔

ماہرین کے مطابق اس کینال سے آمدورفت کا وقت کم، نقل وحمل کے اخراجات میں کمی اور چین کے مغربی اندرونی علاقوں اور جنوب مشرقی ایشیا کے درمیان رابطے مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔

یہ نہر گوانگ شی کے ہینگ ژو شہر میں دریائے پھنگ تانگ سے شروع ہو کر جنوبی بحیرہ چین میں بیبو خلیج تک جاتی ہے۔ یہ چین کے نئے بین الاقوامی زمینی و بحری تجارتی راہداری کی ریڑھ کی ہڈی ہے جو چین کے اندرونی علاقوں کو آسیان اور دنیا کی دیگر منڈیوں سے ملانے والی ایک اہم تجارتی گزرگاہ بن چکی ہے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں