اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں خطے کی موجودہ صورتحال اور مذاکرات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق ایرانی سفیر نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطحی دوروں کے بعد مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے قائم کردہ دوطرفہ ادارہ جاتی میکانزم کے تحت ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے ایران کے ساتھ اہم ترجیحی شعبوں میں تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
ملاقات میں دونوں جانب سے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے زور دیا کہ خطے میں دیرپا امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے تصفیہ طلب مسائل کو حل کرنے کا واحد مؤثر راستہ مذاکرات اور سفارت کاری ہے۔


