اسلام آباد (لارڈ میڈیا): وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض پیرزادہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ نے صحیح کہا ہے کہ سسٹم فیل ہو چکا ہے۔ یہ بیان انہوں نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے اجلاس کے دوران دیا۔
اجلاس میں پی ڈبلیو ڈی کے سابق ملازمین کو مختلف محکموں میں ایڈجسٹ کرنے اور انہیں پنشن نہ ملنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔ کمیٹی کے رکن نے کہا کہ 100 سے زائد خواتین کے شوہر دوران ملازمت انتقال کر گئے لیکن انہیں واجبات نہیں ملے۔
سیکریٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ ان کی اطلاع کے مطابق ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں۔ سی ڈی اے حکام نے بتایا کہ 1468 ملازمین کو تنخواہیں مل رہی ہیں، جبکہ داخلہ حکام نے بھی اس کی تصدیق کی۔
فنانس ڈویژن نے کہا کہ ملازمین پنشن کے اہل نہیں ہیں، تاہم 2007 میں فنانس ڈویژن نے ملازمین کو پنشن کا اہل قرار دیا تھا، اب وہ کہتے ہیں کہ 2007 کا خط ہی غلط تھا۔
چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ اگر 3 روز میں سمری وزیراعظم کو نہ بھیجی گئی تو وزیر داخلہ کو طلب کیا جائے گا۔ فنانس حکام نے کہا کہ ورک چارج ملازمین پنشن کے اہل نہیں ہیں۔
وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ جعلی خطوط کے ذریعے اربوں روپے کے فراڈ کیے جاتے ہیں، اور ان کی وزارت ہمیشہ بلیک میلنگ کے لیے استعمال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ 4، 5 ایسی وزارتیں ہیں جو خیرات میں ملتی ہیں۔


