کراچی (لارڈ میڈیا): وفاقی حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کا دوسرا دور بھی ناکام ہوگیا، جس کے باعث گڈز ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال پانچویں روز بھی جاری ہے۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ ہڑتال پرامن ہے اور مطالبات کی منظوری تک غیر معینہ مدت تک جاری رہے گی۔
ملک شہزاد اعوان نے مزید کہا کہ حکومت اگر یہ سمجھتی ہے کہ دسمبر کی طرح ہم ہڑتال ختم کر دیں گے تو ایسا نہیں ہوگا۔ مطالبات کی مکمل منظوری تحریری طور پر ہوگی تو ہی ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگر مطالبات کی منظوری کے لیے 6 ماہ بھی لگے تو ہڑتال جاری رہے گی۔ مذاکرات کے پہلے دور میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ٹرانسپورٹرز کے مطالبات کو جائز قرار دیتے ہوئے پیش رفت کی یقین دہانی کروائی تھی۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اونرز ایسوسی ایشن محمد اویس چوہدری ایڈووکیٹ نے بھی کہا کہ مطالبات جائز اور قانونی ہیں، جب تک تسلیم نہیں کیے جاتے، ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال ختم نہیں ہوگی۔
محمد اویس چوہدری نے کہا کہ حکومت اگر واقعی مسائل حل کرنا چاہتی ہے تو عملی عمل درآمد یقینی بنائے۔ مذاکرات کے دروازے بند نہیں کر رہے بلکہ سنجیدہ مذاکرات چاہتے ہیں۔


