لندن (لارڈ میڈیا): پاکستان کے دورہ انگلینڈ کے دوران پی سی سی سلیکٹ الیون کے خلاف وارم اپ میچ کا دورانیہ تبدیل کردیا گیا ہے۔ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ کے دورانیے میں تبدیلی پر اتفاق کیا ہے۔
کینٹ کرکٹ کے مطابق بیِکنہَم کاؤنٹی گراؤنڈ میں ہونے والا یہ میچ اب چار کے بجائے تین روزہ ٹیسٹ وارم اپ میچ ہوگا جس کا آغاز جمعرات 13 اگست سے ہوگا۔ پہلے اس میچ کو بدھ 12 اگست سے چار روزہ مقابلے کے طور پر شیڈول کیا گیا تھا۔
انتظامیہ نے بدھ کے روز کے لیے خریدے گئے تمام ٹکٹوں کی مکمل رقم واپس کرنے کا اعلان کیا ہے جبکہ جمعرات 13، جمعہ 14 اور ہفتہ 15 اگست کے لیے پہلے سے خریدے گئے ٹکٹ بدستور قابلِ استعمال ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ 19 اگست سے لیڈز میں شروع ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ لارڈز اور تیسرا ایجبسٹن میں کھیلا جائے گا۔


