واشنگٹن (لارڈ میڈیا) امریکی اور اسرائیلی حکام کے شام سے مذاکرات کامیاب ہوئے ہیں جس کے بعد شام میں خفیہ مقام پر موجود نیوکلیئر مواد جلد ہٹائے جانے کا امکان پیدا ہوگیا ہے۔ امریکی نیوز ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ، شام اور اسرائیل کے درمیان طے پایا ہے کہ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) شام میں خفیہ مقام پر موجود نیوکلیئر مواد کو اپنے قبضے میں لے گی۔
شام کے خفیہ مقام ‘سائٹ 99’ پر موجود نیوکلیئر مواد اسرائیل اور امریکا کے لیے تشویش کا باعث بنا ہوا تھا۔ بشارالاسد حکومت کے خاتمے کے بعد آئی اے ای اے کو شام کے نیوکلئیر مقامات تک رسائی حاصل ہوئی۔
2007 میں اسرائیل نے شام کے خفیہ الکِبار جوہری ری ایکٹر پر بمباری کی تھی۔ شام میں خفیہ نیوکلیئر مواد کے معاملے پر اسرائیل، امریکا اور شام کے درمیان کئی ماہ تک خفیہ سفارتی رابطے جاری رہے۔
امریکی حکام کے مطابق اسرائیل نے دھمکی دی تھی کہ اگر نیوکلیئر مواد نہ ہٹایا گیا تو سائٹ 99 پر دوبارہ حملہ کیا جا سکتا ہے۔ اس کے بعد انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کو معاملے میں شامل کیا گیا۔
امریکی حکام نے کہا کہ اسرائیلی حکام کو خدشہ تھا کہ ترکیہ بھی شام کو سائٹ 99 سے نیوکلیئر مواد حاصل کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔ شام کی موجودہ حکومت نے نیوکلئیر مواد تک رسائی کے لیے بھرپور تعاون کیا۔


