مسقط (لارڈ میڈیا): آبنائے ہرمز میں عمان کے قریب ایک آئل ٹینکر پر میزائل حملے کی غیر مصدقہ اطلاعات سامنے آئی ہیں، تاہم کسی سرکاری ادارے نے ابھی تک واقعے کی تصدیق نہیں کی۔ رپورٹس کے مطابق یہ دعویٰ سوشل میڈیا پر سرگرم ایک اکاؤنٹ کی جانب سے کیا گیا، جس نے رات کے وقت سمندر میں آگ جیسی روشنی دکھائی دینے والی ایک ویڈیو شیئر کی۔
دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے بھی اس خبر کو آگے بڑھایا۔ غیر مصدقہ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ ایران کے جنوبی علاقے سِریک سے اینٹی شپ کروز میزائل داغے گئے، جنہوں نے عمان کے ساحل کے قریب آبنائے ہرمز کے جنوبی بحری راستے سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر کو نشانہ بنایا۔ بعض پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ جہاز کو متعدد میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا، تاہم آزادانہ طور پر ان دعوؤں کی تصدیق نہیں ہو سکی۔
متاثرہ آئل ٹینکر کے بارے میں مزید معلومات یا جانی نقصان کی قابل اعتماد تفصیلات موجود نہیں ہیں۔ برطانوی میری ٹائم سکیورٹی ادارے، امریکی سینٹرل کمانڈ اور ایرانی سرکاری میڈیا نے بھی اس واقعے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ یہ واقعہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت دباؤ کا شکار ہے اور ایران و عمان کے درمیان بحری انتظامات پر مذاکرات جاری ہیں۔


