لاہور (لارڈ میڈیا): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون کے بعد پنجاب کے ہر شہر میں خستہ حال عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) فیز ون کی جلد تکمیل کا بھی حکم دیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے خاص اجلاس میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی اور مختلف ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں وہاڑی، بورے والا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمیت دیگر شہروں کے پی ڈی پی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے منصوبوں پر بھی رپورٹ پیش کی گئی۔
وزیراعلیٰ نے پی ڈی پی فیز ون کی کیس سٹڈی اور سیوریج و ڈرینیج منصوبوں پر امپیکٹ سٹڈی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ 29 شہروں میں زیرزمین سٹوریج ٹینک مکمل ہو چکے ہیں، جبکہ 21 شہروں میں تعمیر جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی سی لاہور کیپٹن علی اعجاز اور ڈی سی گوجرانوالہ نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو سراہا اور ان کو شاباش دی۔ انہوں نے مون سون کے دوران عوام کی سہولت کے لیے کام کرنے والے افسران اور اہلکاروں کی تعریف کی۔


