واشنگٹن (لارڈ میڈیا): امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے ساتھ جاری تنازع کے خاتمے کے لیے فوجی، معاشی اور سفارتی تمام ذرائع استعمال کرے گا۔ انہوں نے فاکس نیوز کو ایک انٹرویو میں کہا کہ ایران کے ساتھ بات چیت آسان نہیں کیونکہ وہاں کا نظام مختلف دھڑوں میں تقسیم ہے۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران میں ایک طبقہ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے جبکہ دوسرا طبقہ جنگ جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ امریکا کی ذمہ داری ہے کہ ان حالات میں درست حکمت عملی کے ساتھ اپنے مفادات کے مطابق نتیجہ حاصل کرے۔
امریکی نائب صدر نے توقع ظاہر کی کہ تنازع کا حل نکل آئے گا، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ عمل آسان نہیں ہوگا اور اس میں وقت لگ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مذاکرات کامیاب ہوتے ہیں تو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے ساتھ بات چیت جاری رکھنا چاہتے ہیں اور ایران کسی صورت ایٹمی ہتھیار حاصل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ایران پر حملہ کرنے والا تھا مگر اسے منسوخ کر دیا گیا، وہ معاہدہ کرنا پسند کرتے ہیں۔


