ہوماہم ترینحکومت کا اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز پر بنانے کا...

حکومت کا اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز پر بنانے کا اعلان

اسلام آباد (لارڈ میڈیا) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ چیئرمین اور دیگر سی ڈی اے حکام نے انہیں منصوبے کی پیش رفت پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سروس روڈ انڈر پاس منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد کے دیہی علاقوں سے آنے والی ٹریفک کو سہولت ملے گی اور ایکسپریس وے پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی آئے گی۔

منصوبے کے تحت ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کے لیے جدید انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے۔ وزیر داخلہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تجاوزات ہٹا کر عملی کام شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ منصوبہ مقررہ مدت سے پہلے مکمل ہو، جبکہ اس کی مجموعی مدت تقریباً ایک سال ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ منصوبے کے تحت 9 کلومیٹر طویل سروس روڈ اور فیصل مسجد و کشمیر چوک پر فلائی اوورز بھی تعمیر کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز کی شاہراہ میں تبدیل کرنا ہے، سروس روڈ کو کشادہ کیا جائے گا اور ٹریفک مینجمنٹ کو جدید بنایا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سی-14 سیکٹر کی تکمیل ہو چکی ہے اور دیگر سیکٹرز پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے شہر کی پانی کی ضروریات کے لیے شاہدرہ اور دوتارہ ڈیم پر کام شروع کرنے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ "گرین اسلام آباد” کے وژن کے تحت تمام ترقیاتی منصوبے ماحول دوست ہوں گے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری، رہائشی اور ماحولیاتی سہولیات میسر آ سکیں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں