ہومتازہ ترینامریکی حملہ ہوا تو خلیج اندھیرے میں ڈبو دیں گے، ایران

امریکی حملہ ہوا تو خلیج اندھیرے میں ڈبو دیں گے، ایران

تہران (لارڈ میڈیا) ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے ایرانی بجلی گھروں کو نشانہ بنایا تو جواباً خلیجی ممالک کے بنیادی بجلی نظام کو نشانہ بنا کر انہیں اندھیرے میں ڈبو دیا جائے گا۔

یہ انتباہ خلیجی ممالک کے دو اہم عہدیداروں نے عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں دیا ہے، تاہم ایران کی حکومت نے اس بارے میں باضابطہ طور پر کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

ایک خلیجی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایران نے واضح پیغام دیا ہے کہ امریکی حملے کی صورت میں خلیجی ممالک کے بجلی کے بنیادی نظام اور انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا جائے گا۔

ایک دوسرے علاقائی عہدیدار نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ ایسے انتباہی پیغامات مختلف دارالحکومتوں تک پہنچائے گئے ہیں۔ ایران نے مبینہ طور پر اہم تنصیبات اور اہداف کی فہرست بھی پیش کی ہے جنہیں جوابی حملے میں نشانہ بنایا جا سکتا ہے، تاہم ان کی تفصیلات منظرعام پر نہیں آئیں۔

ایران کے ان انتباہی پیغامات نے خلیجی ممالک میں تشویش پیدا کر دی ہے کیونکہ ان ممالک کی معیشت، تیل کی برآمدات، پانی صاف کرنے کے پلانٹس، مواصلاتی نظام اور دیگر اہم خدمات کا انحصار جدید بجلی کے بنیادی ڈھانچے پر ہے۔

تاحال نہ تو امریکہ نے اے ایف پی کی اس رپورٹ پر باضابطہ ردعمل دیا ہے اور نہ ہی ایران نے ان مبینہ دھمکیوں کی سرکاری سطح پر تصدیق یا تردید کی ہے۔

یاد رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ہفتے ایران کو خبردار کیا تھا کہ اگر مذاکرات میں پیش رفت نہ ہوئی تو امریکہ ایرانی توانائی اور بجلی کی تنصیبات پر حملے کرے گا۔ بعد ازاں انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی درخواست پر فوری حملے کا منصوبہ مؤخر کر دیا تاکہ سفارتی مذاکرات کو کامیاب ہونے کا موقع دیا جا سکے۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں