کوئنز پارک اوول (لارڈ میڈیا): پاکستان نے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ اس کامیابی کے ساتھ گرین شرٹس نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کی پوائنٹس ٹیبل میں بہتری حاصل کرتے ہوئے آٹھویں نمبر پر جگہ بنالی جبکہ ان کی کامیابی کا تناسب 22.22 فیصد ہو گیا۔
دوسری جانب ویسٹ انڈیز 20.83 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر چلی گئی۔ پاکستان نے سیریز کا آغاز شکست سے کیا تھا تاہم شاندار واپسی کرتے ہوئے دوسرا ٹیسٹ اپنے نام کیا۔ یہ پاکستان کی آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 میں دوسری فتح ہے۔
حیران کن طور پر پاکستان نے پہلی فتح موجودہ عالمی ٹیسٹ چیمپئن جنوبی افریقا کے خلاف حاصل کی تھی۔ آسٹریلیا 87.50 فیصد کے ساتھ پہلے اور جنوبی افریقا 75.00 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے
۔ نیوزی لینڈ، بنگلہ دیش، بھارت، سری لنکا اور انگلینڈ بالترتیب تیسری سے ساتویں پوزیشن پر موجود ہیں۔


