اسلام آباد (لارڈ میڈیا): سپریم کورٹ نے مالک اور کرایہ دار کے تنازع پر فیصلہ سناتے ہوئے ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ مالک کو اپنی جائداد کے استعمال کا مکمل اختیار ہے اور اسے کرایہ دار کی مرضی کے تابع نہیں ہونا چاہیے۔
سپریم کورٹ کے مطابق مالک جائداد کا بیان حلفی دینا اس کی ضرورت کو ظاہر کرتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ مالک اپنی ضرورت کا واحد منصف ہے اور موجودہ کیس میں مالک نے جائداد استعمال کیلیے بیان حلفی دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے کرایہ دار کو چھ ماہ کے اندر رہائشی فلیٹ خالی کرنے کا حکم دیا ہے۔ کیس میں کرایہ دار نے دعویٰ کیا تھا کہ عمارت میں ایک سے زائد فلیٹس خالی ہیں، تاہم عدالت نے کرایہ دار کے اس موقف کو رد کر دیا۔
ہائیکورٹ نے مالک کے دیگر فلیٹس خالی ہونے پر کرایہ دار کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ کراچی صدر کی ایک عمارت کے مقدمہ میں دیا ہے۔ فیصلہ جسٹس عقیل احمد عباسی نے تحریر کیا جو کہ 8 صفحات پر مشتمل ہے۔


