چندی گڑھ (لارڈ میڈیا) بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری کو چندی گڑھ کی ضلعی عدالت نے مبینہ فراڈ کیس میں سمن جاری کر دیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے ‘بینگ ہیومن’ جیولری فرنچائز کے حوالے سے دھوکہ دہی کی۔ عدالت نے انہیں 5 اکتوبر کو پیش ہو کر الزامات پر جواب دینے کی ہدایت کی ہے۔
چندی گڑھ کے کاروباری شخصیت ارون گپتا نے شکایت میں کہا ہے کہ ‘بینگ ہیومن’ جیولری کا شو روم کھولنے کے لیے انہیں پرکشش کاروباری مواقع کا یقین دلایا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے تقریباً 3 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کی۔ ان کے مطابق، اس رقم میں سے 1 کروڑ روپے شو روم کے قیام پر خرچ کیے گئے۔
ارون گپتا کا الزام ہے کہ کمپنی نے وعدے کے مطابق کاروباری معاونت فراہم نہیں کی اور 2020 سے سپلائی بند رکھنے کے باعث ان کے کاروبار کو نقصان پہنچا۔
کمپنی سے وابستہ چھ افراد پر غلط معلومات دے کر سرمایہ کاری پر آمادہ کرنے کا الزام ہے۔
اسٹائل اینڈ کانٹینٹ جیولری پرائیویٹ لمیٹڈ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سلمان خان براہ راست معاہدے میں شامل نہیں تھے، بلکہ صرف ‘بینگ ہیومن’ برانڈ کے استعمال کا لائسنس جاری کیا گیا تھا۔ مقدمہ عدالتی کارروائی کے مرحلے میں ہے اور اگلی سماعت 5 اکتوبر کو ہوگی۔


