اسلام آباد (لارڈ میڈیا) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے الیکشن رولز 2017 میں ترمیم کا مجوزہ مسودہ جاری کر دیا ہے جس میں اراکین اسمبلی کے اثاثوں اور واجبات کے گوشواروں میں ابہام کی صورت میں وضاحت طلب کرنے کے اختیارات کو مؤثر بنانے کی تجویز دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق، مجوزہ ترمیم کے تحت اگر کسی رکن اسمبلی کے جمع کرائے گئے گوشواروں میں کوئی ابہام یا تضاد پایا گیا تو کمیشن متعلقہ رکن سے وضاحت طلب کر سکے گا۔
اس کے علاوہ، ضرورت پڑنے پر متعلقہ مالیاتی اداروں سے بھی معلومات اور وضاحت طلب کی جا سکے گی جبکہ مالیاتی ادارے مطلوبہ معلومات فراہم کرنے کے پابند ہوں گے۔
کمیشن نے بتایا کہ یہ مجوزہ ترمیم الیکشن رولز 2017 کے رول 137 میں نئی ذیلی شق شامل کرنے کی صورت میں پیش کی گئی ہے۔
مجوزہ ترمیم پر عوام، متعلقہ اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز سے 15 اگست تک اعتراضات اور تجاویز طلب کی گئی ہیں، جن کی روشنی میں کمیشن سماعت کے بعد حتمی فیصلہ کرے گا۔
الیکشن کمیشن کے اس اقدام کو انتخابی شفافیت اور اثاثوں کی جانچ کے نظام کو مضبوط بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔


