ماسکو (شِنہوا) جیسے ہی دوپہر کے وقت سورج کی کرنیں ماسکو کی قومی معاشی کامیابیوں کی نمائش کے مرکزی داخلے کی خوبصورت تراش خراش پر پڑتی ہیں، ایسے میں خوبصورت شاہکار اور جدید گاڑیوں کی قطاریں شائقین کی منتظر ہیں کہ وہ ان کے شاندار ڈیزائنز کی تعریف کر سکیں اور ان کی قابل ذکر تاریخ کے بارے میں جان سکیں۔
پروڈویژینیے (آگے بڑھنا) کار میلہ روس کی سب سے نمایاں گاڑیوں کی نمائشوں میں سے ایک ہے، رواں سال 30 جولائی سے 2 اگست تک منعقدہ اس نمائش میں 300 سے زائد گاڑیاں پیش کی گئیں۔ ان میں ملکی اور غیر ملکی شاہکار اور نایاب سپر کاریں، ونٹیج مائیکرو بسیں، خصوصی تیار کردہ آف روڈ گاڑیاں اور مستقبل کے تصوراتی نمونے شامل تھے۔
مشہور فرینڈشپ آف نیشنز فاؤنٹین کے پاس سوویت دور کی تاریخی کاریں پرانی یادگاروں کے طور پر سرسبز مرکزی شاہراہ پر اپنی روایتی جگہ موجود ہیں جو شائقین کے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتی ہیں۔
اپنی اہلیہ کے ساتھ نمائش میں شریک ایک بزرگ شہری الیگزینڈر واسیلیوچ نے ایک کار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا اس زیڈ آئی ایس نے میری جوانی کی یادیں تازہ کر دی ہیں جو ایک زمانے میں ایمبولینس کے طور پر بھی استعمال ہوتی تھی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ روسی گاڑیوں کی صنعت مشکلات پر قابو پا کر بہترین انداز میں ترقی کرے گی اور مقامی طور پر تیار کردہ گاڑیاں نوجوانوں میں دوبارہ مقبول ہوں گی۔
ڈیزائنرز ماضی کی یادوں میں کھوئے روسی شہریوں کی پسند پر خاص توجہ دیتے ہیں، اسی لئے انہوں نے اس میلے میں سوویت دور کے دو مشہور ترین برانڈز وولگا اور موسکوچ کی نئی سیریز پیش کی جس نے متجسس شائقین کی خاصی توجہ حاصل کی۔
ایلینا بوریوا نے کہا کہ وہ ماحول دوست الیکٹرک گاڑیوں کی مختلف اقسام سے کافی متاثر ہوئی ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ یہ گاڑیاں ہی مستقبل کا تعین کرنے والی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ٹیکنالوجی کے لئے کھلے دل سے کام لینے کی ضرورت ہے اور اس کے ساتھ صلاحیتوں کی بھی ضرورت ہے۔ ہمیں ابھی سے ہی نئی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا شروع کرنا چاہیے۔ نیا علم حاصل کرنے کے لئے شاید ہمیں اپنے تعلیمی نظاموں کا تبادلہ کرنا چاہیے۔
ان کی دوست ازا نے چینی گاڑی سازوں کو ایک بہترین مثال قرار دیا کہ کس طرح عالمی حریفوں سے سیکھ کر اعلیٰ معیار کی اور عالمی سطح پر مقابلہ کرنے والی مصنوعات تیار کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے سیکھا اور شاندار نتائج حاصل کئے اور مجھے یقین ہے کہ ہم بھی ایسا کر سکتے ہیں۔
تجزیاتی ایجنسی اوتو سٹیٹ کے حال ہی میں جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق روس میں تقریباً ہر 14 ویں کار کسی چینی برانڈ کی ہے۔
مقبولیت میں تیسرے نمبر پر آنے والے برانڈ گیلی نے میلے میں اپنا نیا ہائبرڈ ماڈل پیش کیا۔
سیلز منیجر ایلیا پریویزینٹسیو نے کہا کہ گیلی معیار بہتر بنانے پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ روسی صارفین چینی گاڑیاں کم لاگت اور دیکھ بھال کے کم اخراجات کی وجہ سے پسند کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ ایک ماڈل لانچ کرتے ہیں اور دیکھتے ہیں کہ اس کی کارکردگی کیسی ہے۔ پھر گاڑیاں واپس لا کر ان کی خامیاں دور کر کے ان میں مزید بہتری لاتے ہیں۔ وہ ان ماڈلز کے نقائص مکمل دور کر کے انہیں بہترین معیار تک پہنچاتے ہیں۔


