ہومتازہ ترینترک کمپنیاں عالمی رسائی بڑھانے کے لئے چین کے تجارتی نیٹ ورکس...

ترک کمپنیاں عالمی رسائی بڑھانے کے لئے چین کے تجارتی نیٹ ورکس سے فائدہ اٹھانے لگیں

صنعتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ ترک کمپنیاں تیسرے ممالک کو برآمدات بڑھانے اور عالمی ڈیجیٹل تجارت میں اپنا کردار مزید مضبوط بنانے کے لئے تیزی سے چین کے پیداواری اور لاجسٹک نیٹ ورکس سے فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

ترک صنعت کار کمتیل کی چین میں قائم ذیلی کمپنی سادا ہوم اپلائنسز کے جنرل منیجر صالح اونال نے منگل کے روز کہا کہ چین کے ساتھ کمپنی کے کئی دہائیوں پر محیط تجارتی تعلقات اب براہِ راست کاروباری موجودگی کی صورت اختیار کر چکے ہیں جس کے تحت چین میں کمپنی کے دو خصوصی گودام بھی قائم کئے گئے ہیں۔

اونال نے استنبول میں آئندہ منعقد ہونے والے 140ویں چائنہ امپورٹ اینڈ ایکسپورٹ فیئر (کینٹن میلہ) کی تشہیری تقریب کے موقع پر شِنہوا کو بتایا کہ ہم چین میں قائم ان گوداموں سے اپنے برانڈ کی مصنوعات براہِ راست ترکیہ سے باہر موجود صارفین تک پہنچا رہے ہیں۔

ساؤنڈ بائٹ 1 (ترک): صالح اونال، جنرل منیجر، سادا ہوم اپلائنسز
’’ہم چین میں اپنے دو مخصوص گودام چلا رہے ہیں۔ ہم انہی مراکز سے کمتیل برانڈ کی اپنی مصنوعات براہِ راست ترکیہ سے باہر دنیا بھر میں موجود اپنے صارفین تک پہنچاتے ہیں۔
چینی منڈی ہمارے لئے بے حد اہم ہے۔ گھریلو برقی آلات کے شعبے میں چین کے بڑے اور درمیانے درجے کے پیداوارکنندگان اس وقت صنعت کی قیادت کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر نئے رجحانات بھی تشکیل دے رہے ہیں۔‘‘

ساؤنڈ بائٹ 2 (ترک): ارکان یانلار، بانی، ای کامرس سلوشنز پلیٹ فارم میجوریسو اِنک
’’چین اگرچہ اس شعبے میں سب سے مضبوط حریف ہے لیکن ہم اسے ایک حریف نہیں سمجھتے۔ ہم اس کے ساتھ تعاون کرنے اور تجارت کا دائرہ بڑھانے کو ترجیح دیتے ہیں۔ عالمی ای کامرس میں اپنا مقام برقرار رکھنے کے لئے چین کو اپنا تزویراتی شراکت دار بنانا انتہائی ضروری ہے ورنہ ہم بری طرح پیچھے رہ جائیں گے۔‘‘

یانلار کو اُن کی کمپنی کی بی ٹو بی اور بی ٹو سی کاروباری سرگرمیوں کے لئے براہِ راست سپلائرز تلاش کرنے کی خاطر کینٹن میلے میں مدعو کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ چین کے سپلائی نیٹ ورکس سے استفادہ کرتے ہوئے ترکیہ کو خطے کا ایک ای کامرس مرکز بنانے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

چائنہ فارن ٹریڈ سینٹر گروپ کمپنی لمیٹڈ کے آپریشنز ڈائریکٹر شو جیان شینگ نے کہا کہ 140واں کینٹن میلہ اکتوبر میں گوانگ ژو میں شروع ہوگا جو روایتی تجارتی نمائش سے آگے بڑھتے ہوئے ایک ’’انتہائی مؤثر صنعتی انکیوبیٹر‘‘ کی شکل اختیار کر چکا ہے۔

شو نے کہا کہ ترک کمپنیوں کے لئے یہ میلہ نہ صرف مستحکم رسدی نظام کی تشکیل کا ایک ذریعہ ہے بلکہ مشترکہ پیداوار اور تحقیق و ترقی میں تعاون کے امکانات تلاش کرنے کا پلیٹ فارم بھی فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ یہ سرگرمی گہرے صنعتی تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا رہی ہے۔

استنبول چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین احمد اوزر نے اس میلے کو چین اور دیگر عالمی منڈیوں تک رسائی کا ایک اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کینٹن میلے کی گزشتہ تقریبات میں شرکت کے ذریعے سیکڑوں ترک کمپنیوں نے نئے تجارتی تعلقات استوار کئے ہیں۔

اوزر نے کہا کہ یہ میلہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کی بنیاد بننے والے’’باہمی فائدے کے فلسفے‘‘ کا عکاس ہے اور بین الاقوامی تجارت کے لئے نئے مواقع پیدا کرتا ہے۔

استنبول، ترکیہ سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں