کابل (شِنہوا) افغانستان کے مشرقی، جنوب مشرقی اور وسطی علاقوں میں حالیہ سیلابی ریلوں سے کم از کم 29 افراد جاں بحق، 129 زخمی جبکہ 4 افراد لاپتہ ہو گئے ہیں۔
مقامی میڈیا طلوع نیوز کے مطابق افغانستان میں عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے بتایا کہ نورستان، ننگرہار، لغمان، پکتیکا، پکتیا، خوست، غزنی، کابل، کاپیسا، پنج شیر، پروان، لوگر اور میدان وردک صوبے سیلاب سے متاثر ہوئے، جہاں جانی نقصان کے ساتھ ساتھ املاک کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ صرف نورستان اور لغمان میں ہی کم از کم 300 خاندان سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ادارے نے مزید بتایا کہ اپنے شراکت دار اداروں کے تعاون سے متاثرہ علاقوں میں سیلاب زدگان کو طبی سہولیات فراہم کرنے کے لئے 3 موبائل ہیلتھ ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔


