مظفر آباد (لارڈ میڈیا): قائم مقام صدر آزاد جموں کشمیر چودھری لطیف اکبر نے الیکشن کمیشن کو دو خطوط بھیجتے ہوئے انتخابی عمل میں فائرنگ، پولنگ میں مداخلت اور ایک وکیل کے زخمی ہونے کے واقعات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ ایل اے 31 میں مطلوبہ سیکیورٹی انتظامات نہیں کیے گئے۔
قائم مقام صدر چودھری لطیف اکبر نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کے باوجود مؤثر سیکیورٹی انتظامات نہیں کیے گئے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ مسلم لیگ ن کے کارکنوں کے ہاتھوں پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک کارکن جاں بحق ہوا جبکہ پولنگ ایجنٹس کو پولنگ اسٹیشنز میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
پیپلز پارٹی نے بھی حلقہ ایل اے 36 میں ووٹرز کے ووٹ پہلے ہی کاسٹ ہونے کی شکایت کی اور ویڈیو شواہد کے ساتھ الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ ووٹر کو یہ کہنا کہ اس کا ووٹ کاسٹ ہو چکا ہے، جعلی ووٹنگ کا ثبوت ہے۔
پیپلز پارٹی نے مہاراجہ روڈ، پری والا پولنگ اسٹیشن پر متاثرہ ووٹرز کی شکایات کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ پولنگ اسٹیشنز پر شفافیت کو یقینی بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔


