پورٹ آف اسپین (لارڈ میڈیا): ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں پر 239 رنز بنالیے۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستانی ٹیم نے چار تبدیلیوں کے ساتھ میدان سنبھالا جبکہ ویسٹ انڈیز نے کوئی تبدیلی نہیں کی۔
عبداللہ شفیق، اویس ظفر، ساجد خان اور عبید شاہ کو پاکستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ بارش کے باعث کھیل 15 منٹ تاخیر سے شروع ہوا اور پہلے سیشن میں صرف 9.5 اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا، جس میں تیج نرائن چندرپال 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ویسٹ انڈیز کا اسکور ایک وکٹ پر 49 رنز رہا۔ دوسرے سیشن میں پاکستانی بولرز کو مزید 3 کامیابیاں ملیں، برینڈن کنگ 46، کیوم ہوج 10 اور عامر جنگو 26 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
تیسرے سیشن میں شائے ہوپ بھی 29 رنز بناکر محمد علی کا شکار بنے۔ خراب روشنی کے سبب کھیل جلدی ختم کیا گیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز 64 اور کپتان روسٹن چیز 36 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پاکستان کی جانب سے محمد علی نے 2، ساجد خان، عبید شاہ اور علی عثمان نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔


