تہران (لارڈ میڈیا): ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو کسی بھی مہم جوئی سے باز رہنے کی تنبیہ کی ہے، اور کہا ہے کہ کسی بھی جارحیت پر سخت ردعمل دیا جائے گا۔ عباس عراقچی نے اپنے آفیشل ٹیلی گرام چینل پر بتایا کہ انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر، سعودی اور ترک وزرائے خارجہ سے رابطہ کیا ہے۔
انہوں نے امریکا اور اسرائیل کی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دینے کا عزم ظاہر کیا اور کہا کہ اگر علاقائی ممالک نے بھی جارحیت میں شمولیت اختیار کی تو سخت ردعمل دیا جائے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر کے سینئر مشیر محمد مخبر نے خبردار کیا کہ ایرانی انفراسٹرکچر پر حملے کے اثرات امریکی حاکمانہ نظام کی تباہی کی صورت میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی طاقتوں کا بنایا ہوا گلوبل آرڈر تباہ ہو جائے گا۔
ایرانی سکیورٹی عہدیدار نے امریکی میڈیا میں ممکنہ حملوں کی رپورٹس کو پاگل پن قرار دیا اور کہا کہ ایران نے صہیونی ریاست کے اہم انفراسٹرکچر اور امریکی توانائی اثاثوں پر جوابی کارروائی کی تیاری کر رکھی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر بڑا حملہ منسوخ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حملے کی منسوخی فوری معاہدے سے مشروط ہے، اور اسرائیل نے بھی حملہ مؤخر کرنے پر اتفاق کیا ہے۔


