اسلام آباد (لارڈ میڈیا): چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایل اے 31 میں پیپلز پارٹی کے کارکن مشتاق شاہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور مسلم لیگ (ن) پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ بلاول بھٹو نے صدر آزاد جموں و کشمیر چودھری لطیف اکبر پر حملے اور کارکن کے قتل کو قابل مذمت قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے اپنے بیان میں کہا کہ چودھری لطیف اکبر پر حملہ مسلم لیگ (ن) کے انتہا پسند عناصر کی کارستانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چودھری لطیف اکبر پر حملے کے بعد ان کے حلقے ایل اے 31 میں پیپلز پارٹی کارکن مشتاق شاہ کو قتل کر دیا گیا۔ بلاول بھٹو نے مقتول کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں زور زبردستی کے ذریعے عوامی ووٹ پر ڈاکا ڈال رہی ہے اور مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کو فوری گرفتار کیا جائے۔
صدر آزاد کشمیر چودھری لطیف اکبر نے الیکشن کمیشن کو دو خطوط ارسال کرتے ہوئے فائرنگ، پولنگ میں مبینہ مداخلت اور ایک وکیل کے زخمی ہونے پر کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موثر سیکیورٹی انتظامات نہیں کیے گئے۔
چودھری لطیف اکبر نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں نے پیپلز پارٹی کارکن کو شہید کیا اور پولنگ ایجنٹس کو پولنگ ایریا میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ بلاول نے الیکشن کمیشن سے غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔


