ایتھنز (لارڈ میڈیا): یونان میں جنگلات کی آگ بجھانے کے دوران دو فائر فائٹنگ ہیلی کاپٹر فضا میں ٹکرا گئے، جس کے نتیجے میں دو اہلکار جاں بحق جبکہ دو دیگر محفوظ رہے۔
حادثہ ایتھنز سے 65 کلومیٹر مغرب میں پیش آیا جب دونوں بیل ہیلی کاپٹر ایٹیکا اور بوئوٹیا کی سرحد پر آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہے تھے۔ ویڈیو میں ایک ہیلی کاپٹر دوسرے کے روٹر بلیڈز سے ٹکراتا نظر آتا ہے، جس کے بعد وہ آگ کی لپیٹ میں آکر کھائی میں گر کر تباہ ہو گیا، جبکہ دوسرا ہیلی کاپٹر ہنگامی لینڈنگ میں کامیاب رہا۔
جاں بحق ہونے والوں میں ایک ڈنمارک کا پائلٹ اور یونانی فائر سروس کا افسر شامل ہیں۔ دوسرے ہیلی کاپٹر کے برطانوی پائلٹ اور یونانی کوآرڈینیٹر محفوظ رہے۔ یونان میں شدید گرمی کے باعث جنگلات کی آگ بھڑک اٹھی ہے، جس سے کئی آبادیوں کا انخلا کرایا گیا ہے۔ یونان کے وزیراعظم کیریاکوس میتسوتاکیس نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق اہلکاروں کے خاندانوں سے تعزیت کی۔


