کراچی (لارڈ میڈیا): متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں خالد مقبول اور مصطفیٰ کمال گروپ کے درمیان اختلافات شدت اختیار کر گئے ہیں۔ جیو نیوز کے مطابق، بہادرآباد میں پارٹی اجلاس کے بعد ایم پی اے اعجازالحق اور رہنما ذاکر کے حامیوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے بتایا کہ منگلا شرما اور سبین غوری کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی۔
بہادرآباد کے قریب مشتعل افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔ پتھراؤ کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔ ایم کیو ایم رہنما امین الحق نے کہا کہ دوسرے گروپ کی شدید ہوائی فائرنگ سے ہمارا ایک کارکن زخمی ہوا جبکہ دفتر میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ معاملہ مزید آگے چلنا ممکن نہیں۔


