کراچی (لارڈ میڈیا): پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عامر نے بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو اپنے کیریئر کا سب سے مشکل حریف قرار دیا ہے۔ وسڈن سے گفتگو کرتے ہوئے عامر نے کہا کہ کوہلی کی مستقل مزاجی، دباؤ میں شاندار کارکردگی اور میچ فنش کرنے کی صلاحیت انہیں دیگر بیٹرز سے ممتاز بناتی ہے۔
عامر نے کہا کہ وہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ موجودہ نسل میں ویرات کوہلی وہ بیٹر ہیں جن کے خلاف بولنگ کرنا سب سے زیادہ مشکل رہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوہلی ہمیشہ بڑے مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی دکھاتے ہیں اور اسی وجہ سے وہ جدید کرکٹ کے عظیم بیٹرز میں شمار ہوتے ہیں۔
عامر نے سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور آل راؤنڈر شین واٹسن کو بھی سخت حریف قرار دیا لیکن ان کے مطابق موجودہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی سب سے آگے ہیں۔
واضح رہے کہ محمد عامر اور ویرات کوہلی کے درمیان کئی یادگار مقابلے دیکھنے کو ملے۔ 2017 کی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں عامر نے کوہلی کو جلد آؤٹ کیا تھا جبکہ کوہلی نے بھی پاکستان کے خلاف اہم اننگز کھیل کر بھارت کو فتوحات دلائیں۔


