کراچی (لارڈ میڈیا): سندھ ہائی کورٹ نے وطن واپس جانے والے غیر ملکیوں کی روانگی میں غیر ضروری رکاوٹیں ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ کیس کی سماعت میں عدالت نے ہدایت دی کہ بنگلادیشی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے رکاوٹیں دور کی جائیں۔
عدالت میں درخواستگزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ بنگلادیشی شہریوں نے ٹریول پرمٹ حاصل کیے ہیں لیکن ایف آئی اے امیگریشن حکام روانگی کی اجازت نہیں دے رہے۔ این او سی کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواستگزاروں کے سفری دستاویزات کی وزارت خارجہ سے تصدیق ضروری ہے، شناختی کارڈ بلاک کیے جائیں گے اور قانونی کارروائی کے بعد ہی سفر کی اجازت دی جائے گی۔
جسٹس عدنان الکریم میمن نے کہا کہ سفری اجازت نامے کی موجودگی میں متعلقہ اداروں کے لیے کارروائی مکمل کرنا ضروری ہے۔ عدالت نے کہا کہ بنگلادیشی شہریوں کی واپسی یا ڈی پورٹیشن کا عمل قانون کے مطابق جلد مکمل کیا جائے۔


