کراچی (لارڈ میڈیا): حکومت سندھ اور آغا خان یونیورسٹی نے خصوصی افراد کے لیے معیاری تعلیم کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے، جس کا مقصد خصوصی افراد کی تعلیم و تربیت کو بہتر بنانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہر بچے کو بلاامتیاز معیاری تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت آغا خان یونیورسٹی میں اسپیشل ایجوکیشنل نیڈز یونٹ قائم کیا جائے گا۔
آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین نے کہا کہ خصوصی افراد کے لیے مساوی تعلیمی مواقع معاشرتی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یونیورسٹی سندھ حکومت کے ساتھ مل کر جامع تعلیمی نظام کے فروغ کے لیے کام کرے گی۔
ڈپارٹمنٹ آف ایمپاورمنٹ آف پرسنز ود ڈس ایبلٹیز کے سیکریٹری طاحہٰ احمد فاروقی نے معاہدے کے اغراض و مقاصد پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کے تحت 43 کروڑ 92 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے خصوصی تعلیم کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ کو ایسا صوبہ بنایا جائے گا جہاں ہر بچہ قابلِ قدر، ہر طالب علم بااختیار اور ہر شہری کو ترقی کے مساوی مواقع میسر ہوں گے۔ یہ شراکت داری صرف سماجی ذمہ داری نہیں بلکہ انسانیت کا معیار اور پائیدار ترقی کی بنیادی شرط ہے۔


