اسلام آباد (لارڈ میڈیا): چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور اس معاملے پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ 27 جولائی کو انتخابات میں دھاندلی کی گئی اور پی ٹی آئی قیادت کو آزاد کشمیر جانے سے روکا گیا۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے مبینہ انتخابی دھاندلی کے باعث انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی طور پر ٹرن آؤٹ کم رہا اور عوام نے انتخابی عمل کو مسترد کر دیا۔ فائرنگ کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ آزاد کشمیر کی حکومت مستعفی ہو اور نیشنل حکومت قائم کر کے پورے آزاد کشمیر میں ایک ہی روز شفاف انتخابات کرائے جائیں۔ انہوں نے 5 اگست کو پشاور میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا جس میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر کے حالات سنگین ہیں۔ کشمیریوں نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، مگر عوامی تحریک کے مطالبات پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انتخابات کے ذریعے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا جا رہا ہے۔
چیف آرگنائزر پی ٹی آئی آزاد کشمیر حمید پوٹھی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں ٹرن آؤٹ 5 فیصد بھی نہیں تھا۔ انہوں نے میرپور میں پیش آنے والے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پرامن لوگوں پر گولیاں چلائی جا رہی ہیں اور عوام انتخابی عمل کو مسترد کر چکے ہیں۔


