ہومUncategorizedاین ڈی ایم اے کا ملک بھر میں مون سون الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کا ملک بھر میں مون سون الرٹ جاری

اسلام آباد (لارڈ میڈیا): این ڈی ایم اے نے 29 جولائی سے 5 اگست 2026 تک ملک بھر میں مون سون کے نئے سلسلے کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان، پنجاب اور سندھ میں وقفے وقفے سے بارشوں اور بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ متوقع بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافے کا امکان ہے۔

پنجاب کے سرحدی نالوں، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے پہاڑی برساتی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال جبکہ مختلف شہری علاقوں میں سیلاب کا خدشہ ہے۔ گلگت بلتستان کے اضلاع کے دریاؤں، ندی نالوں اور گلیشیائی علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اچانک اضافے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، چارسدہ، مردان، صوابی، بنوں، لکی مروت، کرم، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک، ڈی آئی خان، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، کوہاٹ، کرک اور ہنگو کے مقامی ندی نالوں اور پہاڑی برساتی نالوں میں سیلابی ریلے متوقع ہیں۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ممکنہ طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے جبکہ متعلقہ اداروں کو حساس مقامات کی مسلسل نگرانی، ہنگامی ٹیموں کی تیاری اور ممکنہ بند شاہراہوں کی فوری بحالی کے انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ عوام سے گزارش ہے کہ موسم کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کو عبور نہ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں۔

Author

متعلقہ تحاریر
- Advertisment -
Google search engine

متعلقہ خبریں